اہم

تہران اور واشنگٹن کے درمیان ثالث پاکستان ہی ہے: ایرانی حکومت

اگست 3, 2026

تہران اور واشنگٹن کے درمیان ثالث پاکستان ہی ہے: ایرانی حکومت

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ ’ایران اور امریکہ سے متعلق معاملات میں پاکستان ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے، جہاں ضرورت ہو قطر مدد کرتا ہے۔‘

پیر کو تہران میں نیوز کانفرنس کے دوران اسماعیل بقائی نے کہا کہ مذاکرات میں کوئی نیا ثالث شامل نہیں اور کہا کہ چین کو ’خطے میں تنازع اور عدم تحفظ میں اضافے‘ پر تشویش ہے۔

’ہمارے چینی دوست صورتِ حال کو مزید بگڑنے سے روکنے کے لیے اپنی صلاحیتیں استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘

ایرانی حکومت کے ترجمان نے کہا کہ ’اس حوالے سے کئی دیگر ممالک کی طرح چین مدد کر رہا ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ ایران فی الحال امریکہ سے کوئی مذاکرات نہیں کر رہا۔ ’ہم ان دنوں نہ کسی وفد کی میزبانی کرنے جا رہے ہیں اور نہ ہی کسی ملک کے مہمان بننے جا رہے ہیں۔‘

ترجمان کے مطابق ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ محض ایک ملک تک محدود نہیں۔

انھوں نے صحافیوں کو بتایا کہ ’یہ جنگ پورے خطے کے خلاف اور خطے کے تمام ممالک کی سلامتی کے خلاف ہے۔‘

اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ ’ان پانچ مہینوں میں ہم نے خود دیکھا ہے کہ خطے میں امریکی فوجی موجودگی اور خلیج فارس کے جنوبی کنارے پر واقع ممالک کی سرزمین اور تنصیبات کے استعمال نے خطے کے تمام ممالک کے لیے عدم تحفظ اور عدم استحکام میں اضافہ کیا ہے۔‘

’لہٰذا یہ فطری بات ہے کہ خطے کے ممالک اس صورتِ حال کو مزید بگڑنے سے روکنے کے لیے کوششیں کرنا چاہتے ہیں۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے