پاکستان

عمران خان فاٹا سپیشلسٹ ہیں

مئی 29, 2019

عمران خان فاٹا سپیشلسٹ ہیں

وزیراعظم جناب عمران خان ماشاءاللہ فاٹا سپیشلسٹ ہیں اور یہ طنزیہ ہرگز نہیں کہا۔ موجودہ قومی سطح کے سیاستدانوں میں عمران خان سے زیادہ فاٹا کے حالات سے کوئی اور واقف نہیں۔ وہاں کی تہذیب، تمدن، روایات کو جناب سے زیادہ کون جانتا ہے۔

عمران خان نے قبائلیوں پر ایک کتاب بھی لکھ رکھی ہے- ماضی میں جب جب فاٹا پر کڑا وقت آیا، آپ ان کے شانہ بشانہ کھڑے تھے۔ ڈرون حملوں میں بے گناہ شہریوں کی ہلاکت ہو، فاٹا سے تعلق رکھنے والی ٹی ٹی پی سے مذکرات کا مسئلہ ہو یا پھر نقیب اللہ محسود کا قتل ؛ مشرف دور سے گزشتہ انتخابات تک قبائلیوں نے عمران خان کو اپنے ساتھ کھڑا پایا۔ ایسے میں دو دن سے اس حیرانی اور پریشانی میں مبتلا تھا کہ پی ٹی ایم اور فوج میں تصادم پر آخر جناب کا کوئی بیان اب تک کیوں نہیں آیا۔ آج الحمدللہ پرانی خبریں دیکھتے یہ الجھن دور ہو گئی۔

پچیس مئی کو جناب وزیراعظم عمران خان نے ایک پرائیویٹ فنڈ ریزنگ ایونٹ سے خطاب کرتے ہوئے، اپنے عمر بھر کے تجربے کی روشنی میں پریشانی سے بچنے کی تین تجاویز دی تھیں۔ اخبار مت پڑھو، لوگوں سے دور رہو اور اپنوں سے تو خصوصاً بچنے کی کوشش کرو۔ اپنا مثالی وژن بروئے کار لاتے ہوئے جناب پہلے ہی سمجھ گئے تھے کہ پریشانی آنے والی ہے-

ملکی حالات واقعات مثلاً روپے کی قدر ڈالر کے مقابلے میں ایک دن میں دس روپے گرنے کا بھی جناب کو میڈیا ہی سے علم ہوتا ہے- ان دنوں اخبار اور ٹی وی سے دور ہیں، ملاقاتیں بھی بہت کم کر رکھی ہیں، حتیٰ کہ پارٹی رہنماؤں سے بھی۔ تو انہیں اب تک علم ہی نہیں ہو پایا کہ فاٹا پہ کیا قیامت ٹوٹی ہے- کابینہ اجلاس میں جو خبر ملی اس پر فاتحہ پڑھ لی۔

مجھے یقین ہے جیسے ہی وہ اپنے اس "پریشانی سے بچنے والے موڈ” سے باہر نکلیں گے، اپنے عمر بھر کے تجربے کی روشنی میں پی ٹی ایم کے معاملے کا کوئی جامع حل تجویز کریں گے۔ فی الحال سننے میں آیا ہے کہ جناب نے فحش فلموں پہ تشویش کا اظہار فرمایا ہے-

پاکستان میں (اختیار کے بغیر) حکومت کرنا بہت آسان کام ہے-

محمد اشفاق کا تاثر

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے