فوجی مجرم سول جیل منتقل
پاکستان کی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی جانب سے جن تین مجرموں کی سزاؤں میں توثیق کی گئی تھی ان کو سول جیل منتقل کیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر ٹویٹ کرتے ہوئے انہوں نے بتایا ہے کہ اس سے قبل مجرموں کے بارے میں انٹیلی جنس ملنے پر ان کو فوجی تحویل میں لیا گیا تھا اور ٹرائل کے دوران بھی وہ آرمی کی حراست میں تھے۔
خیال رہے کہ 30 مئی کو فوج کے ایک لیفٹیننٹ جنرل، ایک بریگیڈیئر اور ایک سول ڈاکٹر کو سزائیں سنائی گئی تھیں۔
دریں اثنا سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے شبہات کا اظہار کیا تھا کہ جن فوجی افسران کو سزائیں سنائی گئی ہیں وہ پاکستان میں موجود ہی نہیں۔
فوج کی جانب سے تاحال جاسوسی کے الزام میں سزائیں پانے والے افسران کی تصاویر جاری نہیں کی گئیں۔

