بہو کو تیزاب پلانے والے فرار
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں تیزاب پلا کر قتل کی گئی خاتون کا شوہر اور سسرالی فرار ہوگئے ہیں۔
پولیس ملزموں کو گرفتار کرنے میں ناکام ہوگئی۔ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تیزاب پلائے جانے کے ثبوت مل گئے۔
تھانہ بہارہ کہو کے علاقے میں تیزاب گردی کا شکار ہونے والی خاتون مرسلین اختر کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ خاتون کی موت تیزاب پلانے سے واقع ہوئی ہے۔
پمز ہسپتال سے پولیس کو تفصیلی پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار ہے تاہم کئی روز گزرنے کے بعد بھی پولیس ملزموں کو گرفتار کر نے میں ناکام ہے۔
حکام خاتون کے شوہر کو گرفتار نہیں کر سکے۔ ایس پی عامر نیازی کے مطابق تیزاب گردی کا شکار خاتون مرسلین اختر کا شوہر ارشد عباسی اور اس کے دیگر اہل خانہ فرار ہو چکے ہیں جن کی گرفتاری کے لیے پولیس کی مختلف ٹیمیں چھاپے مار رہی ہیں۔
ایس پی نیازی نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ تفصیلی پوسٹ مارٹم رپورٹ کا بھی انتظار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جلد ملزموں کو گرفتار کر لیا جائے گا۔

