حکومت کا 7.6کھرب کا قرض
پاکستان میں تحریک انصاف کی حکومت نے اپنے پہلے سال میں سات کھرب، 60 ارب کا اندرونی قرضہ لیا ہے جو مسلم لیگ ن کی حکومت کے پانچ سال میں لیے گئے اندرونی قرضوں کے 71 فیصد کے برابر ہے۔
جمعہ کو سٹیٹ بنک کی جاری کی گئی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک کا مجموعی اندرونی قرض 31 کھرب 80 ارب(ایک کھرب میں ۱۰۰ ارب ہوتے ہیں) تک پہنچ گیا ہے۔
سٹیٹ بنک کی رپورٹ کے اعداد وشمار سے معلوم ہوتا ہے کہ پیپلز پارٹی نے اپنے پانچ سالہ دور (۲۰۰۸ تا ۲۰۱۳) میں چھ کھرب کا اندرونی قرض لیا تھا۔
سٹیٹ بنک کی رپورٹ بتاتی ہے کہ ملک کا اندرونی قرضہ گزشتہ ایک سال میں 31.3 فیصد کی تیز اور خطرناک شرح سے بڑھا ہے جس کی بڑی وجہ محصولات کے حصول میں کمی، روکے نہ جانے والے اخراجات، دفاعی اخراجات، قرضوں کی ادائیگی اور روپے کی گرتی ہوئی قدر ہے۔

