عالمی خبریں

آسٹریلیا میں آسمان سرخ، لوگ ساحلوں پر

دسمبر 31, 2019

آسٹریلیا میں آسمان سرخ، لوگ ساحلوں پر

آسٹریلیا میں نئے سال کی آمد کے جشن سے پہلے وکٹوریا ریاست کے جنگلات کی آگ نے ہزاروں شہریوں کو ساحل سمندر کا رخ کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔

ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے کہ چار ہزار سے زائد شہری آگ کی تپش اور گرم ہوا سے بچنے کے لیے ساحل پر پہنچے ہیں۔ آسٹریلوی ساحل اپنی صفائی اور خوبصورتی کے لیے مشہور ہیں۔

خبر رساں اداروں نے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ کئی ہفتوں سے بھڑکتی آگ کے شعلوں نے ایک کروڑ ایکڑ رقبے کو راکھ میں تبدیل کر دیا ہے۔

وکٹوریا کے فائر کمشنر انڈریو کرسپ کے مطابق 4000 افراد نے سمندر کنارے پناہ لے رکھی ہے، جن میں سے سینکڑوں ایسے ہیں جنہوں نے اپنی قیمتی اشیا کو ذاتی گاڑیوں میں ڈال کر ساحل کا رخ کیا ہے۔

فائر کمشنر نے میڈیا کو بتایا کہ آگ سے بہت زیادہ نقصانات کے خدشات ہیں اور حدت سے گھروں میں موجود گیس سیلنڈر پھٹنے کی آوازیں سنی جا رہی ہیں۔

وکٹوریا کے موسمیات کے محکمے کے مطابق جنگلات کی آگ اس قدر ہیبت ناک ہے کہ اس سے اٹھنے والے دھویں نے اپنا موسم خود بنانا شروع کر دیا ہے اور آسمان پر گہرے سیاہ بادل طوفان لے آتے ہیں اور انہی سے کچھ دیر کے لیے بارش بھی برستی ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے