پاکستان سفر کے لیے محفوظ ہے، برطانیہ
برطانوی حکومت نے پانے شہریوں کے لیے نئی سفری ہدایات (ٹریول ایڈوائزری) جاری کی ہے جس کے تحت پاکستان کو محفوظ ملک قرار دیا ہے۔
پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر نے اس حوالے سے جاری ویڈیو بیان میں اس کو خوشخبری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے۔
خیال رہے کہ برطانوی شہزادے ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ نے گذشتہ سال پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے برطانوی حکومت کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
انہوں نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام برطانوی حکومت کی جانب سے اپنے شہریوں کے لیے پاکستان کے سفر پر جامع ریویو کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ ’یہ ایک مثبت قدم ہے جس سے دونوں ملکوں کے عوام میں مضبوط اور قریبی روابط بڑھیں گے۔‘

