خاتون اینکر کی درخواست پر شوہر گرفتار
راولپنڈی میں خاتون اینکر فریحہ ادریس کی درخواست پر پولیس نے ان کے شوہر کے خلاف تھانہ ایئرپورٹ میں ایف آئی آر درج کر کے حراست میں لے لیا ہے۔
ایف آئی آر ٹیلی گراف ایکٹ کی دفعہ 25 ڈی کے تحت درج کی گئی۔
پولیس کی حراست میں ملزم مرزا مسعود بیگ کا کہنا تھا کہ وہ اپنی بے گناہی تفتیش میں ثابت کریں گے۔
فریحہ ادریس کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ شوہر ان کو دھمکیاں دے رہا ہے۔
ملزم مرزا مسعود بیگ سرکاری ٹی وی سے منسلک ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اہلیہ سے خلع کا مقدمہ زیرسماعت ہے جبکہ وہ الزامات کی تردید کرتے ہیں اور اپنی بے گناہی ثابت کریں گے اور یہ کہ ان کو عدالتوں پر یقین ہے۔
فریحہ ادریس کا ایف آئی آر میں موقف ہے کہ شوہر نے بچوں کو نقصان پہنچانے، ان کی نامناسب جعلی تصاویر وائرل کرنے کی دھمکیاں بھی دی ہیں۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق فریحہ پر ان کا شوہر ماضی میں بھی تشدد کر چکا ہے جس کی بنا پر انہوں نے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔

