فوج قوم و ملک کے لیے حاضر ہے: ترجمان
پاکستان کی فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ حکومت نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت فوج کو طلب کر لیا ہے۔
پیر کی شام پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ فوج کی کنٹرول لائن اور مغربی سرحد پر بھاری تعداد میں تعیناتی کے باوجود آرمی چیف نے تمام دستیاب فوجیوں اور فوج کے میڈیکل وسائل کو ضرورت کے مطابق شہروں میں تعینات کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ملک میں لاک ڈاؤن کے نفاذ سے انکار کے ایک دن بعد وفاقی دارالحکومت، چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور کشمیر کے شہروں میں فوج طلب کی گئی ہے۔
اسلام آباد میں وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹی فیکیشن کے مطابق فوج چاروں صوبوں، گلگت بلتستان، کشمیر اور وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ کی درخواست پر طلب کی گئی ہے جو شہری انتظامیہ کی مدد کرے گی۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل بابر افتخار نے کورونا وائرس کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں بتایا کہ وفاق اور صوبائی حکومتوں کے احکامات کے مطابق صرف کھانے پینے کی اشیا اور طبی سامان بنانے والی فیکٹروں کے ساتھ میڈیکل سٹور کھلے رہیں گے۔
فوج کے ترجمان نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے خاندانی، انفرادی اور معاشرے کے طور پر مشکل اور سخت فیصلے کرنے کا وقت ہے۔

