پاکستان میں دو ہزار مریض، 32 ہلاک
چین سے گزشتہ سال دسمبر کے وسط میں پھیلنے والی عالمی وبا نے پاکستان میں 32 افراد کی جان لے لی ہے جبکہ ملک میں دو ہزار سے زائد مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
پاکستان کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق اس وقت ملک میں کورونا کے دو ہزار 39 مصدقہ کیسز ہیں جن میں سے سب سے زیادہ پنجاب میں 708 جبکہ سندھ میں 676 ہیں۔
نجی ادارے حکومت پر مریضوں کے کورونا ٹیسٹ نہ کرنے اور درست اعداد و شمار نہ بتانے پر تنقید کر رہے ہیں۔
ادھر حزب اختلاف کی جماعت جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وائرس پھیلنے پر حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ تفتان میں اپنی غلطیاں چھپانے پر تبلیغی جماعت کے افراد کو وائرس پھیلانے کا ذمہ دار قرار دینے کا گھناؤنا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔
پاکستان کی 21 کروڑ 90 لاکھ آبادی میں سے اکثریت اس وقت اپنے گھروں پر محصور ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت کو بروقت بڑے شہروں کو لاک ڈاؤن نہ کرنے پر اپوزیشن جماعتیں تنقید کر رہی ہیں۔

