’لگا اب کبھی نہیں جاگ سکوں گا‘
عالمی وبا کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد وینٹی لینٹر پر رہ کر صحت یاب ہونے والے بلجیم کے ایک ڈاکٹر نے کہا ہے کہ ایک موقع پر ان کے دماغ نے سوچا کہ وہ شاید کبھی جاگ نہیں سکیں گے۔
انتوئنی سسین نے برسلز میں ڈیلٹا چیرک ہسپتال کے کمرے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’میں اپنی زندگی کا اختتام دیکھ رہا تھا۔ مجھے لگا کی مرنے جا رہا ہوں اور کبھی دوبارہ ہوش میں نہیں آ سکوں گا۔‘
انتوئنی یورالوجسٹ ہیں اور کووڈ -19 کا شکار ہونے کے بعد وہ تین ہفتے کوما میں وینٹی لیٹر پر رہے۔
58 سالہ انتوئنی اور ان کی ٹیم کو مریضوں کا علاج کرتے ہوئے کورونا وائرس لگا مگر اس دوران صرف انتوئنی کی حالت زیادہ خراب ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ تجربہ ہیبت ناک تھا اور انہوں نے کوما کے دوران اپنے والد کو دیکھا اور ان سے باتیں کیں جو چار برس قبل انتقال کر گئے تھے۔

