کھیل

ثنا میر کے شاندار کرکٹ کیریئر کا اختتام

اپریل 25, 2020 2 min

ثنا میر کے شاندار کرکٹ کیریئر کا اختتام

Reading Time: 2 minutes

پاکستان کی ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثناء میر کے شاندار کرکٹ کیریئر کا اختتام ہو گیا ہے۔

سنیچر کو انہوں نے بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہتے ہوئے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔

گزشتہ برس اپنا آخری میچ کھیلنے کے بعد ان کو کرکٹ ٹیم سے ڈراپ کر کے کپتانی بسمہ معروف کے سپرد کی گئی تھی جس کے بعد ثنا میر نے کہا تھا کہ وہ کرکٹ سے کچھ عرصے کے بعد دور ہو رہی ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایک بیان جاری کرکے ثنا میر کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور ان کی ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ثنا میر اپنے 15 سالہ شاندار کرکٹ کیریئر کو خیر آباد کہہ دیا ہے۔‘

ثنا میر نے اپنے  کیریئر میں 226 بین الاقوامی میچوں میں شرکت کی جبکہ 2009 سے 2017 تک 137 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتانی کی۔

انہوں نے ایک روزہ کرکٹ کیریئر کا آغاز دسمبر2005، کراچی میں سری لنکا کے خلاف کیا جبکہ آخری ایک روزہ میچ نومبر2019، لاہور میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا۔

کرکٹ بورڈ کے بیان میں ثنا میر سے ریٹائرمنٹ کے موقع پر یہ جملے منسوب کیے گئے ہیں :

’کرکٹ بورڈ، سپورٹ اسٹاف، کھلاڑیوں، گراؤنڈ سٹاف اور ہر اس فرد کا شکریہ ادا کرتی ہیں جنہوں نے پس پردہ رہ کر  ان کی کامیابی اور ویمنز کرکٹ کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالا۔‘

انہوں نے کہا کہ وہ اپنے اہلخانہ اور مینٹورز کا بھی شکریہ ادا کرتی ہیں جن کے غیرمشروط تعاون نے انہیں عالمی سطح پر ملک کی نمائندگی سے متعلق خواب کو حقیقت میں بدلنے میں مدد دی۔

کرکٹ بورڈ کے بیان کے مطابق ثنا میر نے کہا کہ وہ اس موقع پر اپنے ڈیپارٹمنٹ، زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ کی بھی مشکور ہیں جنہوں نے پورے کیرئیر میں ان کا ساتھ دیا اور اگر ڈیپارٹمنٹل کرکٹ جاری رہتی ہے تو وہ اس کے ساتھ کام کرتی رہیں گی۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے