سات دن میں کمیشن نہ بنا تو مذاکرات کا چوتھا اجلاس نہیں ہوگا: پی ٹی آئی
Reading Time: < 1 minuteپاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ عرفان صدیقی حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان ہیں۔ ان کے لیے مناسب نہیں کہ وہ مذاکرات کو تعطل کا شکار کریں۔
پیر کو اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ہماری جو (آرمی چیف سے) ملاقات ہوئی اس میں لا اینڈ آرڈر کی صورت حال پر بات ہوئی ہے۔ لا اینڈ آرڈر کی صورت حال پر ملاقات پر ایشو کھڑا نہیں کرنا چاہیے۔‘
’ہم حکومت کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ ہماری شرط ہے کہ جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔ عمران خان نے کہا ہے سات دن میں کمیشن نہ بنا تو چوتھی میٹنگ نہیں ہو گی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم حکومت کا انتظار کر رہے ہیں وہ کیا پیش رفت بتاتے ہیں۔ اگر کمیشن نہیں بننے جا رہا تو مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔‘
’حکومت کو گھبراہٹ ہے کیونکہ یہ فارم 47 کی حکومت ہے۔ حکومت کو مذاکرات پر توجہ دینی چاہیے۔ ہم سمجھتے ہیں مذاکرات کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے۔‘
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ’میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ تحمل اور برداشت کے ساتھ مذاکرات پر فوکس کرنا چاہیے۔ بات آگے بڑھانے کے لیے جلد بازی کے بجائے تحمل سے کام لینا ہو گا۔‘