پاکستان میں ریکارڈ نئے کیسز، 639 ہلاکتیں
پاکستان میں وائرس کا پھیلاؤ سندھ اور پنجاب میں تیزی سے ہو رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 21 مریض ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ ایک دن میں ایک ہزار 991 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
اتوار کو جاری کیے گئے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 21 نئی ہلاکتوں کے بعد ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد 639 ہو گئی ہے۔
پاکستان میں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 29 ہزار421 ہوگئی ہے جن میں سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد آٹھ ہزار 23 ہے۔
کورونا سے اب تک سب سے زیادہ ہلاکتیں خیبرپختونخوا میں ہوئی ہیں جن کی تعداد 234 ہے جب کہ پنجاب میں 192 افراد اس وبا سے زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔
سندھ میں کورونا سے 180 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ بلوچستان میں یہ تعداد 24 ہے۔ اسلام آباد میں پانچ اور گلگت بلتستان میں تین افراد ہلاک ہوئے۔
سندھ اور پنجاب میں گزشتہ ایک ہفتے سے روزانہ کی بنیاد پر نئے متاثرین کی تعداد بڑھ رہی ہے۔
پنجاب میں اب تک 11 ہزار 93 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اب تک 641 افراد کورونا کا شکار ہو چکے ہیں۔
سندھ میں 10 ہزار771 افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں جب کہ بلوچستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک ہزار 935 ہے۔
خیبر پختونخوا میں اب تک کورونا کے چار ہزار 509 مریض سامنے آئے ہیں جب کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 86 اور گلگت بلتستان میں 430 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔

