سمگلنگ ملکی فوڈ سکیورٹی کے لیے خطرہ ہے
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسمگلنگ کے خلاف کارروائی میں کسی قسم کی رعایت یا سمجھوتہ نہیں ہوگا، اسمگلنگ کی وجہ سے ملکی فوڈ سیکیورٹی کو خطرات لاحق ہو جاتے ہیں۔ متعلقہ ادارے اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی رپورٹ ہر 15 دن میں پیش کریں۔
جمعرات کو اسلام آباد میں وزیرِاعظم کی زیر صدارت انسدادِ اسمگلنگ اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں سے متعلق اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وزیرصنعت حماد اظہر، وزیر فوڈ سکیورٹی سید فخر امام، مشیر خزانہ، مشیر تجارت سیکرٹری داخلہ خزانہ، سیکرٹری فوڈ سیکیورٹی اور چئیرمین ایف بی آر کے علاوہ چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز، ہوم سیکرٹریز اور آئی جیز بھی بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔
وزیراعظم کاکہنا تھا کہ اسمگلنگ ملکی معیشت کیلئے ناسور ہے اس سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچتا ہے اور ملکی فوڈ سیکیورٹی کو بھی خطرات لاحق ہو جاتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بنیادی اشیائے ضروریہ کی قلت سے عوام کو مشکلات اورپریشانی کا سامناہوتا ہے جب کہ اسمگلنگ کی وجہ سے ملکی صنعت کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچتا ہے۔ تمام متعلقہ ادارے اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی رپورٹ ہر 15 دن میں پیش کریں، اس سلسلے میں کسی قسم کی رعایت نہیں ہوگی۔

