ایک دن میں کورونا سے دو ارکان اسمبلی ہلاک
پاکستان میں عالمی وبا کورونا سے ایک دن میں دو ارکان صوبائی اسمبلی کی موت واقع ہوئی ہے۔
پنجاب میں حکمران جماعت تحریک انصاف کی رکن صوبائی اسمبلی شاہین رضا بدھ کو انتقال کر گئیں۔ ان کو دو دن تک وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا۔
ادھر بلوچستان اسمبلی کے رکن فضل آغا کا بھی کورونا وائرس کے باعث انتقال ہو گیا ہے۔
فضل آغا کا تعلق جمعیت علمائے اسلام سے تھا اور وہ کراچی کے ایک ہسپتال میں زیر علاج تھے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے اب تک ساڑھے نو سو سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد 45 ہزار سے زائد ہے۔
ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس فروری کے اواخر میں سامنے آیا تھا۔

