کرنل فاروق کے خلاف تادیبی کارروائی
پاکستان میں پولیس کے ساتھ ہزارہ موٹر وے پر بدتمیزی کرنےوالی خاتون کے شوہر کرنل فاروق خان کے خلاف تادیبی کارروائی شروع کی گئی ہے۔
عسکری ذرائع نے نجی ٹی وی چینلز کے رپورٹرز کو اس حوالے سے بتایا ہے کہ کرنل فاروق نے جی ایچ کیو میں ابتدائی طور پر اپنی اور اہلیہ کی جانب سے غیر مشروط معافی مانگی اور بیگم کے رویے پر شرمندگی کا اظہار کیا۔
عسکری ذرائع نے نجی چینلز کے ڈائریکٹرز کو ہدایات بھی جاری کیں کہ خبر کو بریکنگ نیوز کے طور پر نہ چلایا جائے جبکہ رپورٹر بیپر بھی نہ دیں اور ٹاک شوز میں بھی معاملے پر بات نہ کی جائے۔
ہدایات کی گئیں کہ خبر کو صرف ٹی وی کے ٹکرز کی صورت میں نشر کیا جائے۔
واضح رہے کہ بدھ کی شام ہزارہ موٹر وے پر پولیس کی جانب سے روکے جانے پر مانسہرہ کی تحصیل بفہ پکھل سے تعلق رکھنے والے کرنل فاروق خان کی اہلیہ نے پولیس اہلکاروں سے بدکلامی کی تھی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا کے ذریعے وائرل کی گئی اور آرمی چیف نے واقعہ کا نوٹس لیا۔

