دنیا میں کورونا سے چھ لاکھ سے زائد ہلاکتیں
عالمی وبا کورونا وائرس سے دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 42 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اس مرض کے باعث اب تک چھ لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
دنیا میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک امریکہ ہے جہاں تقریباً 36 لاکھ افراد میں وائرس پایا گیا جبکہ وہاں اب تک ایک لاکھ 39 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
امریکہ میں گزشتہ روز وائرس کے 60 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے۔
لاطینی امریکہ کورونا وائرس کی ہلاکتوں کے حوالے سے دنیا میں سب سے متاثرہ علاقوں میں دوسرے نمبر پر ہے جبکہ یورپ کا خطہ اب بھی اموات کے حساب سے دنیا میں پہلے نمبر پر ہے۔
کورونا نے انڈیا میں بھی دس لاکھ سے زائد افراد کو متاثر کیا ہے جبکہ کئی ریاستوں میں وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے محدود لاک ڈاؤن اور کرفیو کا نفاذ کیا گیا ہے۔

