کھیل

کورونا کے دنوں میں مانچسٹر کا تاریخی ٹیسٹ!

جولائی 24, 2020 2 min

کورونا کے دنوں میں مانچسٹر کا تاریخی ٹیسٹ!

Reading Time: 2 minutes


باسط سبحانی – سپورٹس ایڈیٹر

مانچسٹر میں 24 جولائی 2020 کو انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تیسرا ٹیسٹ وزڈن ٹرافی کا فیصلہ کن اور تاریخی میچ ہے کیونکہ دونوں ٹیموں کے درمیان آئندہ سے ہونے والی ٹیسٹ سیریز کو رچرڈز بوتھم ٹرافی کا نام دیا جائے گا۔ اس لئے مانچسٹر ٹیسٹ میچ وزڈن سیریز کا بھی آخری ٹیسٹ ہوگا۔
کورونا وائرس وبا کے دوران بائیو سیکوئل ماحول میں کھیلی جارہی  3 ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز 1-1 سے برابر ہے۔
مانچسٹر کا موسم ٹیسٹ میچ میں ابر آلود ہونے کا امکان ہے لیکن قیاس آرائی ہے کہ میچ فیصلہ کن ہو گا۔ مانچسٹر کی پچ سیم بولنگ کے لئے مددگار ثابت ہو گی جب کہ گزرتے دنوں کے ساتھ اسپن کے بھی سازگار ثابت ہو سکتی ہے۔
یہ ٹیسٹ دنیا کرکٹ کے ٹاپ 2 آل راؤنڈرز بین سٹروکس اور جیسن ہولڈر کا بھی فیس آف ہو گا۔ دونوں کھلاڑی تن تنہا ہی گیم کو اپنے حق میں بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ خاص طور پر جس طرح سٹروکس نے دوسرے ٹیسٹ میں پرفارم کیا وہ ناقابل یقین حد تک غیر معمولی پرفارمنس تھی۔ اگر وہ تیسرے ٹیسٹ میں بڑی پرفارمنس دینے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو ان کی اس ٹیسٹ سیریز کی پرفارمنس مدتوں یاد رکھی جائے گی۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم سیلیکشن کے کافی مسائل لگ رہے ہیں۔ اوپنر کیمبل اور ون ڈاؤن بیٹسمین ہوپ اگر اس ٹیسٹ میں ناکام ہو جاتے ہیں تو ان کا مستقبل ویسٹ انڈیز ٹیسٹ کرکٹ میں مخدوش ہوتا نظر آتا ہے۔ فاسٹ بولرز گیبریئل کو ڈراپ کر کے بھاری جسامت والے اسپنر کارنوال کو موقع دیا جا سکتا ہے۔ بڑا سکور کرنے کے لئے مڈل آرڈر خصوصی طور پر بلیک وڈ اور چیز پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
انگلینڈ کا بیٹنگ آرڈر مستحکم نظر آرہا ہے لیکن موثر ترین بولنگ لائین اپ کی سیلیکشن درد سر بنی ہوئی ہے۔ آرچر کے آنے کے بعد سیم کرن کی جگہ خطرے میں ہے۔ اینڈرسن بھی بیس یا ووکس کی جگہ کھیل سکتے ہیں۔
ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر کو ٹیسٹ کرکٹ میں 2000 رنز مکمل کرنے کے لیے مزید 46 رنز درکار ہیں۔ وہ گیری سوبرز اور کارل ہوپر کے بعد ویسٹ انڈیز کی جانب سے 2000 رنز اور 100 وکٹ حاصل کرنے والے تیسرے کھلاڑی ہوں گے۔ فاسٹ بولر روچ کو 200 ٹیسٹ وکٹ مکمل کرنے کے لیے 3 وکٹ جبکہ اسٹورٹ براڈ کو 500 وکٹ مکمل کرنے کے لیے 9 وکٹ درکار ہیں۔
انگلینڈ آخری وزڈن ٹیسٹ سیریز جیتنے کے لیے فیورٹ ہے لیکن ویسٹ انڈیز کی ٹیم کبھی بھی پانسہ بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

آپ باسط سبحانی کا کرکٹ شو "گگلی” انکا یوٹیوب چینل کو سبسکرائب کر کے دیکھ سکتے ہیں۔

https://www.youtube.com/basitsubhani
Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے