قبائلی عوام نے قربانیاں دیں، امن قائم ہو چکا: آرمی چیف
پاکستان کی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ عدم استحکام پھیلانے والے عناصر سے سختی سے نمٹیں گے، قبائلی عوام نے انسداد دہشت گردی کے لیے قربانیاں دیںِ، خطے میں بڑی حد تک امن قائم ہوچکا ہے، آپریشن ردالفساد میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کے بعد دشمن کے عزائم کے خلاف چوکنا رہنا ہوگا۔
آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شمالی وزیرستان کے سرحدی علاقے کا دورہ کیا۔
آرمی چیف نے پاک افغان بارڈر پر باڑ لگائے جانے (فینسنگ) کا جائزہ لیا اور پاک افغان سرحد پر داوا توئی سیکٹر میں فرائض سرانجام دینےوالےجوانوں سے ملاقات کی۔ آرمی چیف نے میران شاہ کا دورہ بھی کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فوج کے سربراہ کو پاک افغان سرحد پر آپریشن کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پاک افغان بارڈر پر آپریشن کے دوران 90 بارودی سرنگوں کو تباہ کیا گیا، بارڈر پر حالیہ کاروائیوں سے دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کیے گئے ہیں۔ آرمی چیف نے بارڈر پر تعینات جوانوں کے حوصلہ اور جرات کی تعریف کی۔
سپہ سالار کا کہنا تھا کہ قبائلی عوام کا دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں تعاون کا خیرمقدم کرتےہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ قبائلی عوام نے انسداد دہشت گردی کے لیے بہت قربانیاں دیںِ، خطے میں بڑی حد تک امن قائم ہوچکا ہے، ہم دیرپا امن کے لیے پرعزم ہیں۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان بارڈر کی سیکیورٹی بہتر بنانے کے لیے مؤثر کردار ادا کر رہا ہے، آپریشن ردالفساد میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کے خلاف عزائم کے خلاف چوکنا رہنا ہوگا، عدم استحکام پھیلانے والے عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹیں گے۔

