آئی ایس آئی دنیا کی ٹاپ ایجنسی ہے: وزیراعظم
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے فوج کے خفیہ ادارے کی تعریف اور اپوزیشن رہنماؤں پر تنقید کی ہے۔
جمعے کو اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں اپنی جماعت کے وکیلوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ انھیں فوج سے اس وجہ سے بھی کوئی مسئلہ نہیں ہے کہ کیونکہ خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کو پتا ہے کہ عمران خان کیسی زندگی گزار رہا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان میں فیصلہ کن وقت ہے اور یہ جو سارے بے روزگار سیاستدان اکھٹے ہوئے ہیں یہ قانون کی بالادستی نہیں مانتے، یہ کہہ رہے ہیں کہ ہم قانون سے اوپر ہیں، ہم جوابدہ نہیں ہیں۔
عمران خان نے اپوزیشن جماعتوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جتنے مرضی جلسے کر لیں مگر جب قانون توڑا تو سیدھا جیل جائیں گے۔
عمران خان نے اپنی تقریر میں حکومت مخالف تحریک پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن رہنما یہ چاہتے ہیں کہ وہ چوری کریں، ڈاکے ماریں، انھیں کوئی ہاتھ نہ لگائے، اگر ہاتھ لگائے تو یہ انتقامی کارروائی ہو گی۔
عمران خان نے نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود لندن میں بیٹھا ہوا ہے اور کارکنان سے کہہ رہا ہے کہ وہ سڑکوں پر نکلیں۔ انھوں نے وفاقی وزیر اسد عمر کے بھائی محمد زبیر پر بھی تنقید کی جنھیں حال ہی میں نواز شریف اور مریم نواز کا ترجمان مقرر کیا گیا ہے۔
ن لیگ کے رہنما محمد زبیر کی حالیہ دنوں میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ ہونے والی ملاقاتیں خبروں کی زینت بنی رہیں۔
عمران خان نے اپنی تقریر میں کہا ہے کہ جس دن ان کو این آر او ملا وہ پاکستان کی تباہی ہوگی۔ پاکستان اس دن نیچے چلا جائے گا۔ پاکستان میں قانون کی بالادستی ختم ہو جائے گی۔

