ملک میں کورونا سے اموات کی شرح بڑھ رہی ہے: اسد عمر
پاکستان کے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران پاکستان میں کورونا وائرس سے ہونے والی یومیہ اموات کی اوسط 12 رہی جو چند ہفتے قبل کی شرح اموات سے 140 فیصد زیادہ ہے۔
منگل کو ٹوئٹر پر ایک بیان میں اسد عمر کا کہنا تھا کہ ’ہم مجموعی طور پر احتیاطی تدابیر کے معاملے میں انتہائی لاپرواہی اور غلطی کا ارتکاب کر رہے ہیں جس کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں‘۔
دوسری جانب منگل کو عالمی وبا کا شکار ہونے کے بعد پنجاب میں 12 اور سندھ میں مزید 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ پاکستان میں اموات کی مجموعی تعداد 6ہزار 673 ہو گئی، 625 نئے کیسز سامنے آنے پر کیسز کی تعداد 3 لاکھ 24 ہزار سے تجاوز کر گئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 26 ہزار 211 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 625 افراد میں کورنا وائرس کی تشخیص ہوئی، جس کے بعد ملک بھرمیں مجموعی کیسز 3 لاکھ 24 ہزار 084 ہوگئی، جبکہ ایکٹو کیسز 9 ہزار 461 ہو گئے۔
سندھ میں سب سے زیادہ ایک لاکھ 42 ہزار 134 متاثرہ افراد کیساتھ سر فہرست ،، پنجاب میں 1لاکھ1 ہزار 760 ، خیبرپختونخواہ 38 ہزار 708، اسلام آباد 18 ہزار 187 اور بلوچستان میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 15ہزار 704 تک پہنچ گئی ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 14 اموات ہونے سے کل تعداد 6ہزار 673 ہو گئی۔
این سی او سی کے مطابق ملک کے مختلف ہسپتالوں میں 805 مریض زیر علاج جبکہ 80 وینٹی لیٹرز ہیں، اب تک 3 لاکھ 7 ہزار 950 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔

