کسان مظاہرین نے لال قلعے میں پرچم کی توہین کی: نریندر مودی
انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ دلی میں زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے کسانوں نے لال قلعے پر دھاوا بول کر ملک کی ’توہین‘ کی ہے۔
انڈیا میں کسان گذشتہ تقریباً دو ماہ سے زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں اور چند دن پہلے کسان دارالحکومت دلی میں داخل ہو گئے تھے جہاں انہوں نے تاریخی لال قلعے پر اپنا پرچم لہرا دیا تھا۔
کسانوں کے احتجاج پر انڈیا کے وزیراعظم کا پہلا عوامی ردعمل سامنے آیا ہے۔
اتوار کو اپنے ریڈیو خطاب میں وزیراعظم مودی نے کہا کہ’26 جنوری کو دہلی میں ترنگے کی توہین سے ملک غمزدہ ہوا۔‘
انڈین وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’حکومت زراعت کو جدید بنانے کے لیے پرعزم ہے اور اس سمت میں بہت سے اقدامات اٹھا رہی ہے۔‘

