انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اہلیہ اور بیٹی سمیت فائرنگ سے ہلاک
اسلام آباد پشاور موٹر وے پر صوابی کے علاقے انبار انٹرچینج کے قریب انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج آفتاب آفریدی کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس میں وہ اپنی اہلیہ، بیٹی زینب اور ایک دودھ پیتے بچے سمیت ہلاک ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق واقعے میں ڈرائیور ذاکر اور گن مین داؤد شدید زخمی ہوئے جن کو ایمبولینس میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے باچا خان میڈیکل ہسپتال شاہ منصور منتقل کیا گیا اور بعد ازاں پشاور پہنچایا گیا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پولیس حکام کو ملوث عناصر کو جلد گرفتار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
صوبے کی پولیس کے سربراہ ثنااللہ عباسی نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا ہے۔

