انڈیا میں کورونا کی ”لہر نہیں سونامی“ ہے: دہلی ہائیکورٹ
Reading Time: < 1 minuteانڈین دارالحکومت دہلی کی ہائی کورٹ نے کورونا کی روک تھام کے لیے اقدامات پر خصوصی درخواست سنتے ہوئے کورونا کی نئی لہر کو ’سونامی‘ قرار دے دیا۔
مقدمے کی سماعت کرنے والے بینچ نے آبزرویشن دی کہ ’ہم اسے لہر کہہ رہے ہیں، حقیقت میں یہ سونامی ہے۔‘
عدالت نے مرکزی حکومت سے پوچھا کہ دہلی کے لیے مختص 480 میٹرک ٹن آکسیجن کب پہنچے گی؟
خیال رہے کہ انڈیا میں روزانہ کی بنیاد پر کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں ریکارڈ اضافہ ہو گیا ہے۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق سنیچر کو تین لاکھ 40 ہزار سے زائد کورونا کے کیسز سامنے آئے جو اب تک روزانہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
گزشتہ تین دنوں میں دس لاکھ نئے کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں دو ہزار 642 ہلاکتیں واقع ہوئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی کل تعداد ایک لاکھ 90 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
کورونا کی وبا پھیلنے کے بعد سے انڈیا میں اب تک ایک کروڑ 65 لاکھ شہری اس وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ امریکہ کے بعد انڈیا کورونا سے متاثر ہونے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔
انڈیا کے بڑے شہروں میں ہسپتالوں کے باہر کورونا مریضوں کی لمبی قطاریں معمول بنتا جا رہا ہے، جبکہ آکسیجن کی کمی کی وجہ سے بھی ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔