پاکستان سے تجارتی سامان کی کھیپ پہلی بار 48 گھنٹوں میں تاشقند
Reading Time: < 1 minuteپاکستان سے تجارتی مال کی پہلی کھیپ طورخم سے افغانستان کے راستے 48 گھنٹوں میں تاشقند پہنچی ہے۔
وزارت تجارت کی جانب سے پیر کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے مشیر تجارت رزاق داؤد نے کہا ہے کہ افغانستان، ازبکستان اور وسطی ایشیائی جمہوریہ (CARs) کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کے لیے حکومت کا طویل المدتی ویژن یہ ہے کہ ’ہم پاکستان کو تجارت، ٹرانزٹ اور نقل و حمل کا مرکز بنانا چاہتے ہیں۔
رزاق داؤد نے کہا کہ تجارتی شراکت داروں کے ساتھ رابطے قابل عمل تجارتی تعلقات کے لیے بہت ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رابطہ نیٹ ورکس کی ساخت اور کارکردگی مارکیٹوں تک رسائی کے قابل بناتی ہے اور اسے تجارتی مسابقت کا پہلو سمجھا جانا چاہیے۔
’اس سے یہ یقینی بنایا جائے گا کہ پاکستان اپنی بین الاقوامی تجارت کو بڑھانے کے لیے خطے میں اپنے جیو اقتصادی مواقع کا فائدہ اٹھائے۔‘
رزاق داؤد نے کہا کہ افغانستان اور ازبکستان کے ساتھ حالیہ مصروفیات اس ویژن کے نفاذ کی سمت ایک قدم ہیں۔
بیان کے مطابق پاکستان کی ٹرانزٹ ٹریڈ کی تاریخ میں یہ سنگ میل حاصل کیا گیا ہے کیونکہ پاکستان کسٹمز نے افغانستان کے راستے تاشقند (ازبکستان) کے لیے طورخم میں پہلی بار TIR کھیپ پر عمل درآمد کیا۔