اہم خبریں پاکستان متفرق خبریں

پاکستان میں شدید گرمی کی لہر کب تک رہے گی؟

جون 9, 2021 2 min

پاکستان میں شدید گرمی کی لہر کب تک رہے گی؟

Reading Time: 2 minutes

پاکستان کے اکثر علاقے گزشتہ ایک ہفتے سے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں اور شہری بادلوں اور بارش کی طرف دیکھ رہے ہیں اور سوشل میڈیا صارفین کے درمیان اپنے شہر کے موسم کے بارے میں اپڈیٹ کرنے کا مقابلہ جاری ہے.
ملک کے کئی علاقوں میں‌لوڈ شیڈنگ بھی کی جا رہی ہے اور حکومت کے مطابق تربیلا ڈیم میں مرمتی کام جاری ہے.
ایسے میں پاکستان کے محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خوشخبری دیتےہوئے کہا ہے کہ جمعے سے اتوار تک آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔
بدھ کو محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’جمعے کے روز شام یا رات کے وقت بحیرہ عرب سے مرطوب ہواؤں کا سلسلہ ملک کے شمال مشرقی علاقوں میں داخل ہو گا۔‘
ان مرطوب ہواؤں کے باعث جمعے کی شام یا رات سے پیر کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکول، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاالدین میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ نارووال، سیالکوٹ، لاہور، قصور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، نوشہرہ، پشاور، کوہاٹ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، مردان، بونیر، دیر، شانگلہ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش، اور اس دوران بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ’گلگت بلتستان کے علاقوں استور، گرمنگ، گھانچی اور شکر جب کہ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں بھی جمعے سے پیر کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔‘
آئندہ چند روز میں موسمیاتی اتار چڑھاؤ کا ذکر کرتے ہوئے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ’سنیچر سے اتوار کے دوران سرگودھا، بھکر، لیہ، خوشاب، میانوالی، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، بہاولنگر، بارکھان، موسیٰ خیل اور ژوب میں آندھی اور گرم چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔‘
محکمہ موسمیات نے موسمی تبدیلی کے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ’بارش کے باعث حالیہ گرمی کی لہر میں کمی کا امکان ہے، البتہ سنیچر اور اتوار کے روز آندھی اور تیز بارش کے باعث لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، جہلم اور راولپنڈی میں نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خدشہ ہے۔‘
شدید گرمی کی اس لہر سے پریشان عوام اس سے بچنے کے لیے طرح طرح کے ٹوٹکے استعمال کر رہے ہیں اور کچھ صارفین پاکستان کے مختلف علاقوں کے درجہ حرارت سے آگاہ کر رہے ہیں۔
دبئی سے ایک صارف نے فیس بک پر لکھا کہ یہاں درجہ حرارت 33 ہے جس کے جواب میں مالاکنڈ کے علاقے تھانہ سے ایک صارف نے اپنے موبائل فون کے موسمی اپڈیٹ کا سکرین شاٹ شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ ہم 43 ڈگری پر ہیں جبکہ پشاور سے بھی 43 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت کا سکرین شاٹ شیئر کیا گیا.

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے