تباہ کن سیلاب سے جرمنی و بیلجیم میں 170 ہلاک، متعدد لاپتہ
Reading Time: < 1 minuteمغربی یورپ کے ملکوں کو طوفانی بارشوں کے بعد صدی کے بدترین سیلاب کا سامنا ہے. جرمنی اور بیلجیئم میں تباہ کن سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 170 ہوگئی ہے جبکہ سینکڑوں افراد سے حکام کا رابطہ نہیں ہو پایا.
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق موسلادھار بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے مکانات منہدم اور سڑکیں تباہ ہوگئی ہیں اور لاکھوں شہری بجلی اور صاف پانی سے محروم ہو گئے ہیں.
جرمنی میں سیلاب سے تقریباً 143 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق کولون کے جنوب میں واقع ارویلر میں 98 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
سینکڑوں افراد اب بھی لاپتہ ہیں یا پانی کی سطح میں اضافے کی وجہ سے ان تک پہنچنا ناممکن ہے جبکہ کئی علاقوں میں رابطے کا سلسلہ اب بھی منقطع ہے۔
بیلجیئم کی نیشنل کرائسز سینٹر کے مطابق سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 27 ہوگئی ہے۔ نیشنل کرائسز سینٹر نے مزید کہا ہے کہ اب بھی 103 افراد لاپتہ ہے یا ان تک حکام پہنچ نہیں پا رہے۔
سینٹر نے کہا ہے کہ ممکنہ طور پر کچھ لوگوں تک اس لیے پہنچا نہیں جا رہا کہ یا تو وہ موبائل فونز چارج نہیں کر سکے یا ہسپتال میں شناختی دستاویز کے بغیر موجود ہیں۔
گذشتہ کئی دنوں سے جرمنی اور بیلجیئم میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی اور رابطوں کے ذرائع منقطع ہیں۔
نہروں میں پانی کی سطح میں اضافے کی وجہ سے نیدرلینڈ کے جنوبی ضلعے لمبرگ میں بھی ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
گذشتہ دو دنوں میں دریاؤں کے قریبی دیہاتوں کے ہزاروں رہائشیوں کو نکال لیا گیا ہے۔