شاندار صحافت کے اٰیک عہد کا اختتام، عارف نظامی چل بسے
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کے نامور صحافی اور انگریزی زبان کے روزنامے ’پاکستان ٹوڈے‘ کے مدیر عارف نظامی لاہور میں انتقال کرگئے۔ اہل خانہ کے مطابق ’وہ عارضہ قلب میں مبتلا تھے۔‘
ان کے انتقال پر وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ ’ایک نامور صحافی، ایڈیٹر اور سیاسی تجزیہ کار عارف نظامی کی وفات کی خبر سن کر میں دکھی ہوں۔ ان کے خاندان سے تعزیت اور ان کے لیے دعائیں۔‘
سینیئر صحافی و تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے ان کی وفات پر کہا کہ ’عارف نظامی پاکستانی صحافت کے ایک درخشندہ باب تھے اور جب بھی غیر جانبدار صحافت کی بات ہو گی تو عارف نظامی کا نام ایک استعارے کے طور پر لیا جائے گا۔‘
سینیئر صحافی اور روزنامہ پاکستان کے مدیر مجیب الرحمان شامی نے بھی عارف نظامی کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’عارف نظامی صحافت کے ایک روشن ستارے تھے اور بغیر کسی لگی لپٹی کے وہ ہر حکمران کی خامیوں کی نشاندہی کرتے تھے۔‘
مجیب الرحمان شامی کے مطابق ’وہ ایک عامل صحافی تھے اور انہوں نے اپنا وقت بہت اچھے طریقے سے گزارا اور شاندار صحافت کی۔ ان کی غیر جانبدارانہ صحافت کی گواہی پورا زمانہ دیتا ہے۔‘