پاکستان پاکستان24

چیف جسٹس کا مندر پر حملے کا نوٹس، مقدمہ سماعت کے لیے مقرر

اگست 5, 2021

چیف جسٹس کا مندر پر حملے کا نوٹس، مقدمہ سماعت کے لیے مقرر

پاکستان کی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس گلزار احمد نے صوبہ پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں ہندو مندر پر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمے کو سماعت کے لیے جمعے کو عدالت میں مقرر کیا ہے۔

عدالت عظمیٰ سے جاری اعلامیے کے مطابق ہندو رہنما رمیش کمار نے جمعرات کو چیف جسٹس سے ملاقات میں ان کو رحیم یار خان کے علاقے بھونگ میں مندر پر حملے کے بارے میں بتایا۔

عدالت میں پنجاب کے چیف سیکریٹری اور پولیس سربراہ کو بھی رپورٹس کے ہمراہ طلب کیا گیا ہے.

خیال رہے کہ بدھ کی شب سوشل میڈیا پر رحیم یار خان کے علاقے بھونگ میں ایک مندر کو مشتعل افراد کی جانب سے نقصان پہنچانے کی ویڈیوز کی ویڈیوز منظر عام پر آئی تھیں جبکہ ضلعی پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

رحیم یار خان کی ضلعی پولیس کے ترجمان کے مطابق علاقے میں ایک مدرسے کی بے حرمتی کرنے کے الزام میں ایک غیر مسلم لڑکے کی گرفتاری کے بعد عدالت سے رہائی ملنے پر مقامی افراد مشتعل ہوئے۔

بدھ کی شب پولیس ترجمان نے بتایا تھا کہ سینکڑوں مشتعل شہری بھونگ میں بازار کو بند کروانے کے بعد احتجاج کرتے ہوئے موٹر وے ایم فائیو پر پہنچے۔

مظاہرین نے موٹر وے ایم فائیو کو ٹریفک کے لیے بند کیا اور پولیس کی جانب سے مذاکرات ناکام ہونے پر مشتعل مظاہرین نے مذہبی مقامات کو نشانہ بنایا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے