کوئٹہ میں فوجی قافلے پر حملے میں چار ہلاک، 18 زخمی
Reading Time: < 1 minuteکوئٹہ میں فوج کے اہلکاروں پر خودکش حملے میں چار ہلاک جبکہ 18 زخمی ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق خودکش حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھا جس کا سر اور اعضا مل گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق دھماکہ اتوار کی صبح ساڑھے سات بجے کوئٹہ سے تقریباً 15 کلومیٹر دور مستونگ روڈ پر میاں غنڈی میں فوج کی فرنٹیئر کور (ایف سی) کی چوکی کے قریب ہوا ۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایف سی 64 ونگ چلتن رائفلز کے20 سے زائد اہلکار چوکی کے قریب جمع ہو کر ہزارگنجی سبزی منڈی میں ہزارہ برادری کے سبزی فروشوں کے قافلے کو حفاظت فراہم کرنے کے لیے جانے کی تیاری کر رہے تھے۔
اس دوران موٹرسائیکل پر سوار ایک خودکش حملہ آور آیا اور ایف سی اہلکاروں کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔
حملے میں دو شہری بھی زخمی ہوئے۔
بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق دھماکے میں چار سے پانچ کلوبارودی مواد اور بال بیرنگز کا استعمال کیا گیا۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق جائے وقوعہ سے خودکش حملہ آور کا سر، جسمانی اعضا اور دیگر شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔