ویکسینیشن میں کمی، یورپ میں کورونا سے مزید لاکھوں اموات کا خدشہ
عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ یورپ میں کورونا کے متاثرین کی تعداد کے باعث براعظم ایک مرتبہ پھر وائرس کا مرکز بن رہا ہے۔
یورپ میں عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ہانس کلوگ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ خطے میں اگلے سال فروری تک پانچ لاکھ مزید اموات ہو سکتی ہیں۔
انھوں نے اس کی وجہ ناکافی تعداد میں ویکسین لگوانے کو قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی حکمت عملی کو بدلنا ہو گا، بجائے اس کے کہ ہم کورونا کے پھیلنے پر اقدامات کریں، ہمیں ابتدا میں ہی ایسی صورتحال کو پیدا ہونے سے روکنا ہو گا۔
حالیہ مہینوں میں یورپ بھر میں ویکسین لگانے کی شرح میں کمی دیکھی گئی ہے۔
اگرچہ سپین میں 80 فیصد تک لوگوں کو دو بار ویسکین لگائی جا چکی ہے مگر یہ تعداد فرانس اور جرمنی میں نسبتاً کم ہے اور بالترتیب 68 اور 66 فیصد رہی۔
اسی طرح وسطی اور مشرقی یورپ کے کچھ ممالک میں یہ تعداد اور بھی کم ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2021 تک روس میں فقط 32 فیصد افراد کو مکمل طور پر ویکسین لگائی گئی تھی۔
ہانس کلوگ نے عالمی ادارہ صحت کے یورپی خطے میں اس صورتحال کی ذمہ داری عوامی صحت کے اقدامات میں نرمی کیے جانے پر عائد کیے ہیں۔
اس خطے میں اب تک ڈبلیو ایچ او نے 14 لاکھ اموات ریکارڈ کی ہیں۔

