نور مقدم قتل کیس میں ویڈیو فوٹیج کی تفصیل آ گئی
Reading Time: 3 minutesاسلام آباد میں قتل کی گئی سابق سفارتکار کی بیٹی نور مقدم کے کیس میں عدالت نے سی سی ٹی وی ویڈیو کے ٹرانسکرپٹ کی نقول ملزمان کے وکلا کو فراہم کر دی ہیں۔
اسلام آباد پولیس کی جانب سے عدالتی حکم پر ملزمان کے وکلا کو فراہم کردہ دستاویزات میں سی سی ٹی وی ویڈیو کے ٹرانسکرپٹ میں وقوعہ والے دن کے واقعات سامنے آئے ہیں۔
پولیس نے ٹرانسکرپٹ میں لکھا ہے کہ ’اس ڈی وی آر کیمرے کا وقت پاکستانی سٹینڈرڈ ٹائم سے 35 منٹ آگے ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں 18 جولائی کو رات دس بج کر 18 منٹ پر نور مقدم مرکزی ملزم ظاہر ذاکر کے گھر جعفر ہاؤس ایف سیون کے مین گیٹ سے موبائل فون پر بات کرتے ہوئے داخل ہوتی دکھائی دیتی نظر آتی ہے اور گیٹ پر چوکیدار افتخار کھڑا دکھائی دیتا ہے۔‘
ٹرانسکرپٹ کے مطابق 19 جولائی رات دو بج کر 39 منٹ پر ظاہر ذاکر اور نور مقدم بڑے بیگ لے کر گھر کے مین گیٹ سے باہر نکلتے نظر آتے ہیں، دو بج کر 40 منٹ پر رات اس گھر کے مین گیٹ کے باہر ٹیکسی گاڑی میں سامان رکھ کر دوبارہ واپس اس گھر میں دونوں داخل ہوتے نظر آتے ہیں۔
’دو بج کر 41 منٹ پر نور مقدم انتہائی گھبراہٹ اور خوف کی حالت میں ننگے پاﺅں اس گھر سے گیٹ کی طرف بھاگ کر آتی نظر آتی ہے۔ چوکیدار افتخار گیٹ پر موجود ہوتا ہے اور گیٹ کو بند کرتا نظر آتا ہے اس دوران ظاہر ذاکر گھر سے جلدی میں گیٹ پر آتا ہے اور نور مقدم کو دبوچ لیتا ہے جس پر نور مقدم ہاتھ جوڑ کر منت سماجت کرتی نظر آتی ہے جس کی پرواہ نہ کرتے ہوئے ظاہر ذاکر نور مقدم کو زبردستی کھینچ کر گھر کے اندر لے جاتا نظر آتا ہے۔ رات دو بج کر 46 منٹ پر ظاہر ذاکر اور نور مقدم گھر سے نکل کر مین گیٹ پر آتے ہیں اور گیٹ سے باہر گلی میں سامان والی ٹیکسی میں دونوں کو بیٹھ کر جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔‘
فوٹیج مطابق ’دو بج کر 52 منٹ پر رات ظاہر ذاکر اور نور مقدم اپنے بیگ لے کر اس گھر میں مین گیٹ سے داخل ہو کر اندر گھر میں جاتے نظر آتے ہیں مین گیٹ پر افتخار چوکیدار بھی موجود ہوتا ہے اس گھر کے صحن میں کالے رنگ کا کتا بھی نظر آتا ہے۔ اگلے روز 20 جولائی کو شام سات بج کر 12 منٹ پر نور مقدم فرسٹ فلور سے چھلانگ لگا کر گراﺅنڈ فلور کی گیلری کے ساتھ لگے جنگلے پر گرتی نظر آتی ہے اس دوران نور مقدم کے ہاتھ میں موبائل فون بھی ہوتا ہے۔ وہ لڑکھڑاتی ہوئی بیرونی مین گیٹ پر آتی ہے اور باہر جانے کی کوشش کرتی ہے۔ گیٹ پر موجود چوکیدار افتخار اور ایک دیگر شخص جو کہ اس گھر کا مالی بیان ہوا ہے نظر آتے ہیں اور وہ گیٹ بند کردیتے ہیں۔‘
پولیس دستاویزات کے مطابق ’اسی دوران ظاہر ذاکر گھر کے فرسٹ فلور کے ٹیرس سے چھلانگ لگا کر گراونڈ فلور پر آتا نظر آتا ہے اور دوڑ کر گیٹ پر آکر نور مقدم کو پکڑ کر گیٹ پر اندر کی طرف بنی ہوئی کیبن میں نور مقدم کو بند کرلیتا ہے، پھر نور مقدم کا کیبن کھول کر موبائل فون چھینتا ہوا نظر آتا ہے اور پھر نور مقدم کو کیبن سے نکال کر گھر کے اندر زبردستی گھسیٹ کر لے جاتا نظر آتا ہے۔‘
پولیس کی جانب سے فراہم کی گئی ٹرانسکرپٹ میں 20 جولائی بوقت آٹھ بج کر چھ منٹ پر تھراپی ورکس کی ٹیم جو پانچ چھ لوگوں پر مشتمل ہے وہاں اس گھر کے گیٹ سے اندر آتی نظر آتی ہے یہ ٹیم آٹھ بج کر 42 منٹ پر گھر کے اندر داخل ہونے کی کوشش کرتی نظر آتی ہے اور آٹھ بج کر 55 منٹ پر تھراپی ورکس والے ایک زخمی کو گھر سے باہر گیٹ کی طرف لے جاتے نظر آتے ہیں۔‘