امارات کی ریاستوں میں رہائش کے لیے نئی ویزہ پالیسی کا اعلان
متحدہ عرب امارات نے اپنی سات ریاستوں میں رہائش پذیر ریٹائرڈ غیرملکیوں کے لیے نئی ویزہ پالیسی کا اعلان کیا ہے۔
منگل کو امارات کے وزیراعظم شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے اس حوالے سے ٹویٹ کیا کہ ’آج ہم نے ریٹائرڈ غیرملکیوں کو رہائش کا ویزہ دینے کے لیے شرائط کی منظوری دی۔‘
انہوں نے نئی پالیسی کے حوالے سے لکھا کہ ’اس سے ریٹائرڈ افراد کو امارات میں رہنے کی اجازت ملے گی۔ ہم اپنے ملک میں سب کو خوش آمدید کہتے ہیں۔‘
خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے ستمبر میں ’گرین‘ اور ’فری لانس‘ ویزے دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
گرین ویزے کے حامل افراد اپنے 25 برس سے کم عمر کے بیٹوں کو سپانسر کر سکتے ہیں، جبکہ فری لانس ویزے کے ذریعے کاروباری افراد کو ریزیڈنسی ملتی ہے۔
اس سے قبل کاروباری حضرات صرف اپنے 18 برس کے بیٹوں کو سپانسر کر سکتے تھے۔

