کوڑے کے ڈرم کا 3500 میل منفرد سمندری سفر
آئرلینڈ میں حکام اس وقت حیرت زدہ رہ گئے جب ایک شہری نے ان کی توجہ ساحل پر امریکی ریاست ساؤتھ کیرولینا سے آئے کوڑے کے ڈرم کی جانب دلائی۔
شہری کے مطابق وہ اپنے بیٹے کے ساتھ ساحل پر دوڑ لگا رہا تھا جب دور نیلے رنگ کی چیز نظر آئے جس کے قریب جانے پر معلوم ہوا کہ وہ کوڑے کا ڈرم ہے جو امریکی ریاست سے سمندر کی لہروں پر بہہ کر وہاں آیا تھا۔
آئرلینڈ میں جب حکام نے اس ڈرم کی تصاویر فیس بک پر شیئر کیں تو ہزاروں افراد نے اس منفرد سمندری سفر کرنے والے کوڑے کے ڈرم کی پوسٹ کو آگے پھیلایا۔
اس پر امریکی ریاست کے میونسپلٹی حکام نے جواب دیا کہ عموما ساحلی علاقوں سے سمندری طوفان آنے سے قبل کوڑے کے ڈرم ہٹا دیے جاتے ہیں مگر یہ ایک ڈرم کسی طرح گہرے پانیوں میں چلا گیا اور پھر تقریبا ساڑھے تین ہزار میل دور آئرلینڈ کے ساحل پر پہنچ گیا۔
حکام نے تاحال فیصلہ نہیں کیا کہ اس ڈرم کو واپس امریکہ بھیجا جائے یا نہیں۔

