الیکشن کمیشن پر الزامات، فواد چوہدری نے معافی مانگ لی
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ملک کے آئینی ادارے الیکشن کمیشن کے خلاف بیان بازی اور الزامات عائد کرنے پر معافی مانگ لی ہے.
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹس پر منگل کو وفاقی وزیر اطلاعات الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔ وفاقی وزیر نے اپنے بیان پر معذرت کر لی جس پر کمیشن نے فواد چوہدری کو تحریری طور پر جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر فواد چوہدری اور اعظم سواتی نے الیکٹرانگ ووٹنگ مشین کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے اعتراض سامنے آنے کے بعد چیف الیکشن کمشنر کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس پر الیکشن کمیشن نے دونوں وزرا کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر اعظم سواتی کی جانب سےاس نوٹس کا جواب جمع کروانے کے لیے کمیشن سے وقت مانگا گیا ہے۔
منگل کو ہونے والی سماعت کے بعد وفاقی وزیر فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’ہم اداروں کا احترام کرتے ہیں، میرا تعلق بھی وکالت کے پیشے سے ہے، کمیشن کو بتایا ہے کہ جو بات کرتا ہوں بطور وزیراطلاعات کرتا ہوں۔‘
فواد چوہدری نے کہا کہ ’انتخابی اصلاحات بہت ضروری ہیں اس کے لیے اپوزیشن تجاویز دے ہم کھلے دل سے قبول کریں گے، میں وفاقی کابینہ کی نمائندگی کرتا ہوں امید ہے کہ الیکشن کمیشن میری باتوں کو مثبت انداز سے دیکھی گی۔‘
وفاقی وزیر اطلاعات نے اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’نوازشریف یا مریم نوازکی عدالت پیشی ہوتی ہے کوئی نہ کوئی معاملہ اٹھایاجاتا ہے، ن لیگ نے عدالتوں کے خلاف ایک مہم شروع کی ہے اور عدالتوں پر حملہ ن لیگ کی روایت رہی ہے۔‘