ڈرائیونگ ٹیسٹ کے لیے گاڑی چلا کر آنے والے کو مقدمے کا سامنا
جرمنی میں پولیس نے ایک ایسے شہری کا ڈرائیونگ امتحان فوری طور پر منسوخ کرتے ہوئے اس کے خلاف تحقیقات شروع کی ہیں جو ٹیسٹ دینے کے مقام تک گاڑی چلا کر آیا تھا۔
پولیس نے ڈرائیونگ ٹیسٹ کے لیے آنے والے کے خلاف بغیر لائسنس گاڑی چلانے کا مقدمہ درج کیا ہے۔
کولون شہر کے نزدیک برغیم کے علاقے کی پولیس نے بتایا کہ 37 سالہ شہری خود گاڑی چلا کر ڈرائیونگ ٹیسٹ دینے آیا۔
جب شہری نے اپنی اوپل زیفرا گاڑی ٹیسٹ سینٹر کے باہر پارک کی اور گاڑی سے اترا تو سامنے کھڑا ممتحن پولیس افسر ششدر رہ گیا۔
موقع پر پولیس افسران کو طلب کیا گیا تو شہری نے بتایا کہ وہ مقررہ وقت پر پہنچ کر بروقت ڈرائیونگ ٹیسٹ مکمل کرنے کے لیے گاڑی خود چلا کر لایا۔
شہری کا ڈرائیونگ ٹیسٹ فوری طور پر منسوخ کر کے بغیر لائسنس ڈرائیونگ کا مقدمہ درج کر دیا گیا جبکہ پولیس نے کار کے مالک کے خلاف بھی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

