عالمی خبریں

یورپ کے 15 مُلک 40 ہزار افغان شہریوں کو پناہ دیں گے

دسمبر 10, 2021

یورپ کے 15 مُلک 40 ہزار افغان شہریوں کو پناہ دیں گے

یورپی یونین کے 15 رکن ممالک کے گروپ نے 40 ہزار افغانوں کی دوبارہ آبادکاری پر اتفاق کیا ہے۔

خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یورپی یونین کی کمشنر یلوا جانسن نے جمعرات کو یہ اعلان وزرائے داخلہ کے اجلاس کے بعد کیا۔  

اے ایف پی نے بتایا ہے کہ جرمنی سب سے زیادہ افغان شہریوں کو پناہ دے گا جن کی تعداد 25 ہزار ہے۔

’نیدرلینڈز نے 3 ہزار 159 جبکہ سپین اور فرانس نے پچیس پچیس سو افغانوں کی دوبارہ آبادکاری پر رضامندی ظاہر کی ہے۔‘

امریکی فوجی انخلا اور طالبان کی حکومت کی واپسی کے بعد اگست میں یورپی یونین کے 24 ممالک پہلے ہی انخلا کرنے والے 28 ہزار افراد کو پناہ دے چکے ہیں۔
اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے مہاجرین کے سربراہ فلیپو گرانڈی نے خبردار کیا ہے کہ ’یورپی یونین سے باہر 85 ہزار افغان باشندے غیر محفوظ حالات میں رہ رہے ہیں۔‘

’انہیں دوبارہ آبادکاری کی ضرورت ہے، انہوں نے یورپ پر زور دیا ہے کہ ان میں سے آدھی تعداد کو اپنے یہاں آباد کرے۔‘

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین نے یورپی یونین پر زور دیا تھا کہ وہ پانچ برسوں میں 42 ہزار 500 افغان باشندوں کو آباد کرے تاہم 27 رکن ممالک میں سے کچھ کی جانب سے اس کی مزاحمت کی گئی تھی۔
ایک اندازے کے مطابق 85 ہزار افغان باشندے ایسے ہیں جو اپنے آبائی وطن سے یورپی یونین کے قریبی ممالک میں پہنچ چکے ہیں۔

طالبان کے کابل پر کنٹرول کے بعد اور شدید خشک سالی سے افغانستان چھوڑنے والے افراد کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے