پاکستان

بلدیاتی الیکشن سے ایک دن قبل دہشت گردی، میئر کا امیدوار قتل

دسمبر 18, 2021

بلدیاتی الیکشن سے ایک دن قبل دہشت گردی، میئر کا امیدوار قتل

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات سے ایک دن قبل ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں شہر کے میئر کی نشست کے امیدوار کو قتل کر دیا گیا۔

مقتول کے لواحقین نے لاش کے ہمراہ پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا ہے.

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نےعمر خطاب کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو واقعے کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او کیپٹن (ر) نجم الحسنین لیاقت نے تصدیق کی کہ اے این پی کے سٹی میئر ڈیرہ کے امیدوار عمر خطاب شیرانی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا ہے۔

ڈی پی او کے مطابق پولیس نے ناکہ بندی کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمر خطاب شیرانی عوامی نیشنل پارٹی سے تعلق رکھتے تھے۔ قتل کے محرکات کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

ڈی پی او نے بتایا کہ پولیس، سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے الگ الگ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

ڈی۔پی او نے کہا کہ نعش کو گھر منتقل کیا جا رہا ہے اور لواحقین سے بات کرکے تفتیش شروع کریں گے۔

ڈی پی او کے مطابق الیکشن منسوخی کا اختیار الیکشن کمیشن کے پاس ہے۔

دوسری جانب ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ڈیرہ اسماعیل خان کے صدر ملک ہدایت اللہ نے عمر خطاب شیرانی ایڈووکیٹ کے قتل پر کی مذمت کرتے ہوئے سوگ کا اعلان کیا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عمر خطاب شیرانی ایڈوکیٹ کو ان کے گھر کے باہر قتل کر دیا گیا جو مقامی پولیس کی ناکامی اور نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے