بلدیاتی الیکشن میں ناکامی کی وجہ غلط امیدواروں کا انتخاب: عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں غلطیاں کیں، جن کی قیمت چکانا پڑی۔
منگل کو عمران خان نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ ’غلط امیدواروں کا انتخاب ناکامی کی بڑی وجہ بنی، ابھی سے میں ذاتی طور پر ملک بھر میں ہونے والے اگلے مرحلے کے انتخابات خود دیکھوں گا۔‘
خان نے امید ظاہر کی کہ ’پی ٹی آئی مزید مضبوط ہو کر ابھرے گی۔‘
خیال رہے کہ اتوار کو خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں حکمراں جماعت کو کئی مقامات پر شکست ہوئی اور صوبے کی اہم تحصیلوں حتیٰ کہ صوبائی دارالحکومت میں بھی اسے جمعیت علمائے اسلام کے مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
فاقی وزیر شبلی فراز سمیت پاکستان تحریک انصاف کے کئی رہنما اس غیرمتوقع شکست کو مہنگائی اور اندرونی لڑائی کا شاخسانہ قرار دے رہے ہیں.
بلدیاتی انتخابات میں شکست پر وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا کہ ’پی ٹی آئی اس لیے ہاری کہ پی ٹی آئی کا مقابلہ پی ٹی آئی سے تھا، اگر ایسا نہ ہوتا تو 14 اضلاع میں کامیاب ہوسکتے تھے۔‘
ادھر صوبائی وزیر محنت شوکت یوسفزئی نے بلدیاتی انتخابات میں شکست کی وجہ مہنگائی کو قرار دیا تھا.

