پاکستان میں اومیکرون وائرس پھیلنے لگا، 75 کیسز کی تصدیق
پاکستان کے قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) نے ملک میں کورونا کے نئے ویریئنٹ اومیکرون کے 75 کیسز کی تصدیق کی ہے۔
بدھ کو قومی ادارہ صحت نے اعلامیے میں بتایا ہے کہ 75 کیسز میں سے کراچی میں 33، لاہور میں 13 اور اسلام آباد میں 17 کیسز سامنے آئے، جبکہ دیگر 12 کیسز کا بین الاقوامی سفر کرنے والوں سے تعلق ہے۔
قومی ادارہ صحت کے مطابق پاکستان میں اومیکرون کا پہلا کیس 13 دسمبر کو کراچی میں رپورٹ ہوا تھا۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اومی کرون کے مریضوں کو آئسولیٹ کر دیا گیا ہے اور ان سے رابطے میں رہنے والوں کی جانچ کی جا رہی ہے تاکہ وائرس کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔
این آئی ایچ کے مطابق 26 نومبر کو عالمی ادارہ صحت کی جانب سے اومی کرون کو تشویشناک قرار دیے جانے کے بعد سے وزارت صحت، این سی او سی، قومی ادارہ صحت اور صوبائی سطح پر صحت کے منسلک ادارے اس پر خصوصی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق وائرس کے خلاف ویکسینیشن اور ایس او پیز کی پابندی ہمارا موثر دفاع ہے۔
’وائرس کی بدلتی خصوصیات کے باوجود ویکسینیشن اور ایس او پیز کی پابندی ہمیں اس کے خلاف موثر دفاع فراہم کرتی ہے۔‘

