پاکستان

منی بجٹ سے مہنگائی ہوگی نہ عام آدمی پر بوجھ: وزیر خزانہ

دسمبر 30, 2021

منی بجٹ سے مہنگائی ہوگی نہ عام آدمی پر بوجھ: وزیر خزانہ

پاکستان کے وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ دو ارب روپے کے ٹیکسوں سے ملک میں نہ مہنگائی ہوگی اور نہ ہی عام آدمی پر بوجھ پڑے گا۔

جمعرات کو اسلام آباد میں وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ’عام آدمی کے لیے دو ارب روپے کے ٹیکسوں کی چھوٹ ختم کر رہے ہیں۔‘

شوکت ترین کے مطابق
’اگر یہ کہا جائے کہ اس دو ارب سے مہنگائی بڑھ جائے گی تو یہ غلط ہے۔ جتنا واویلا مچایا ہوا ہے یہ صرف دو ارب روپے کے ٹیکس ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’غیر ملکی سٹیکس اور مچھلی کھانے والوں پر ٹیکس لگے گا۔ 69 ارب روپے کے ٹیکس لگژری آئٹمز پر لگائے گئے ہیں۔‘

شوکت ترین کا کہنا تھا ’آئی ایم ایف چاہتا ہے کہ سب پر سیلز ٹیکس لگایا جائے۔‘

انہوں نے اس بات کو غلط قرار دیا کہ نئے ٹیکس ریونیو اکٹھا کرنے کے لیے لگائے جا رہے ہیں۔

وزیر خزانہ نے دعویٰ کیا کہ ’اس وقت ہم اپنے ہدف سے زیادہ ریونیو اکٹھا کر چکے ہیں۔‘

شوکت ترین کا کہنا تھا کہ ’کتابوں، سٹیشنری پر سیلز ٹیکس نہیں لگے گا۔ زرعی اشیا پر بھی ٹیکس نہیں لگایا گیا ہے۔ پرانے کپڑوں پر بھی ٹیکس نہیں لگایا گیا ہے جبکہ سنیما کے آلات پر بھی ٹیکس نہیں لگا رہے۔‘

مہنگائی کے حوالے سے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ’مہنگائی پیٹرول، خوردنی تیل، کوئلہ اور سٹیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ہے۔ جب ان کی قیمتیں نیچے آ جائیں گی تو مہنگائی کم ہوجائے گی۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے