کوئٹہ میں دھماکے سے سیاسی جماعت کے چار کارکن ہلاک، 15 زخمی
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بم دھماکے کے نتیجے میں کم سے کم چار افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیس کے مطابق دھماکہ کوئٹہ کے مصروف علاقے جناح روڈ پر گورنمنٹ سائنس کالج کے دروازے کے قریب ہوا جہاں جمعیت علمائے اسلام نظریاتی کا اجتماع ختم ہونے کے بعد کارکنوں کی بڑی تعداد باہر آ رہی تھی۔
زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایمرجنسی نافذ کی گئی تھی۔
محکمہ صحت کے ترجمان ڈاکٹر وسیم بیگ نے چار اموات اور 15 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی اور بتایا کہ نشانہ بننے والے تمام افراد سویلین ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کئی زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے جس کے باعث اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔
دھماکے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے دھماکے کی جگہ کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد جمع کرنا شروع کردیے۔
مشیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو نے دھماکے کے مقام کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ سائنس کالج میں سیاسی جماعت کی سرگرمی ہورہی تھی جس کے اختتام پر دھماکہ ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ بم دھماکہ ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا۔

