پاکستان

پاکستان میں اومیکرون وائرس کے پھیلاؤ کے شواہد واضح ہیں: حکومت

جنوری 2, 2022

پاکستان میں اومیکرون وائرس کے پھیلاؤ کے شواہد واضح ہیں: حکومت

پاکستان میں کورونا وائرس کی نئی لہر کے آغاز کے واضح آثار سے خبردار کیا گیا ہے۔

اتوار کو وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ ’اب ایک اور کورونا لہر کے آغاز کے واضح ثبوت ہیں جس کی توقع پچھلے چند ہفتوں سے کی جا رہی تھی۔‘

اسد عمر نے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ ’جینوم سکوینسنگ کراچی میں اومیکرون کیسز کے بڑھتے ہوئے تناسب کو ظاہر کرتی ہے۔ یاد رکھیں کہ ماسک پہننا آپ کا بہترین تحفظ ہے۔‘

قومی ادارہ صحت کے مطابق پاکستان میں اومی کرون کا پہلا کیس 13 دسمبر کو کراچی میں رپورٹ ہوا تھا۔

این سی او سی کی جانب سے اتوار کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 45 ہزار 585 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 594 کے نتائج مثبت آئے۔

مثبت کیسز کی شرح ایک اعشاریہ 30 فیصد ہے جبکہ مہلک وائرس سے آٹھ افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔ 637 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ ’ہم سال 2021 کے اختتام تک اپنے سات کروڑ لوگوں کو کورونا کی مکمل ویکسین لگانے کا ہدف حاصل کر چکے ہیں۔ اس ہدف کے حصول کے لیے صرف ہماری وفاقی حکومت نے تقریباً 250 ارب روپے مالیت کی ویکسین خریدی اور اسے تمام صوبوں میں شہریوں کو مفت فراہم کیا۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے