وراٹ کوہلی نے مجھ سے جو کہا کسی کو نہیں بتاؤں گا: محمد رضوان
پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے کہا ہے کہ گذشتہ برس ٹی20 ورلڈ کپ کے میچ میں انڈیا کو ہرانے کے بعد وراٹ کوہلی سے جو باتیں ہوئیں وہ کسی کو بتائی نہیں جاسکتیں۔
ایک انٹرویو میں محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ’دیکھیں جی میں تو ان سے ملا نہیں تھا ہمارے باقی کھلاڑی ملے تھے انڈین پلیئرز سے، لیکن ہماری آخر میں بات ہوئی تھی میرے اور وراٹ کوہلی کے درمیان وہ پرذاتی نوعیت کی ہے۔‘
انٹرویو کرنے والے صحافی نے اصرارکیا تو وکٹ کیپر بلے باز کا کہنا تھا کہ ’آج تک وہ بات اپنے بھائی کو بھی نہیں بتائی اس نےبھی پوچھا تھا۔‘
انہوں نے کہا کہ’وہ ایک ایسی بات ہے کہ ہم بتا نہیں سکتے بس میرے اور وراٹ کوہلی کے درمیان ہے وہ۔‘
محمد رضوان کا مزید کہنا تھا کہ انڈیا کے خلاف میچ ان کا کسی بھی ورلڈ کپ میں پہلا میچ تھا اور انہیں بعد میں محسوس ہوا کہ جیسے وہ میچ کوئی ’جنگ عظیم‘ تھا۔
وکٹ کیپر بلے باز نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں ہار گئی لیکن پھر بھی لوگوں نے بہت محبت دی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’لوگوں کا ماننا تھا کہ انڈیا سے جو آپ نے میچ جیتا ہے ہمارا فائنل وہی تھا۔‘

