’نائس تھرو میٹ‘، پاکستانی فاسٹ بولر محمد حسنین کا بولنگ مشکوک رپورٹ
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کے فاسٹ بولر محمد حسنین کا بولنگ ایکشن آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کے ایک میچ کے دوران رپورٹ کیا گیا ہے جس کے بعد اب انہیں بولنگ ٹیسٹ سے گزرنا ہوگا۔
اکیس سالہ فاسٹ بولر اپنے کیریئر میں پہلی مرتبہ بگ بیش کھیل رہے ہیں اور اس سیزن کے پہلے ہی میچ میں انہوں نے 22 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کی تھیں۔
ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق محمد حسنین کا بولنگ ایکشن امپائرز کی جانب سے مشکوک قرار دیا گیا ہے اور انہیں اب لاہور میں آئی سی سی سے تصدیق شدہ لیبارٹری سے بائیومکینک ٹیسٹ کرانا ہوگا۔
سڈنی سکسرز کے خلاف آخری میچ کے دوران محمد حسنین کی ایک باؤنسر کے بعد موائزز ہینریکز نے انہیں طنزیہ انداز میں کہا تھا ’نائس تھرو میٹ‘، تاہم ان کے ایکشن کی طرف امپائرز کی توجہ کس نے دلوائی اس حوالے سے کوئی واضح معلومات نہیں۔
حسنین اب تک بی بی ایل میں سڈنی تھنڈر کی جانب سے پانچ میچ کھیل کر سات وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔
محمد حسنین کے علاوہ دیگر پاکستانی کھلاڑی حارث رؤف، فخر زمان اور شاداب خان بھی بی بی ایل میں کھیل رہے تھے۔
ان تینوں کھلاڑیوں کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوری 27 کو شروع ہونے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کی تیاری کے لیے وطن واپس بلالیا ہے۔