پاکستان

سینیٹ میں اپوزیشن کا مذاق، گیلانی کا استعفیٰ دینے کا اعلان

جنوری 31, 2022

سینیٹ میں اپوزیشن کا مذاق، گیلانی کا استعفیٰ دینے کا اعلان

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سٹیٹ بینک بل کی منظوری روکنے میں ناکامی پر وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہونا چاہتے ہیں۔

پیر کو سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر سے عہدے سے استعفیٰ پارٹی کی قیادت کو جمع کرا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’میں اپنے مخالفین کے سخت الفاظ سے نہیں بلکہ اپنے ہمدردوں کی خاموشی سے پریشان ہوں۔‘

وزیر اطلاعات فواد چودھری نے ان کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ یوسف رضا گیلانی شریف آدمی ہیں، استعفیٰ تو بلاول کا بنتا ہے یا زرداری کا جن کے کہنے پر پیپلز پارٹی کے سینیٹرز تشریف نہیں لائے.

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی سینیئر قیادت اپنی جماعتوں کی لیڈرشپ کے کرتوتوں سے پریشان بھی ہے اور شرمندہ بھی، بہرحال ان جماعتوں میں تبدیلیوں کا سفر خوش آئند ہے.

یاد رہے کہ ایوان بالا میں اپوزیشن کی اکثریت ہونے کے باوجود جمعہ کو سینیٹ میں سٹیٹ بینک کی خودمختاری کا حکومتی بل پاس ہونے پر یوسف رضا گیلانی کو مسلم لیگ ن کے رہنماوں کی جانب سے بھی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے کیونکہ وہ اجلاس میں شریک نہیں تھے اور حکومتی بل ایک ووٹ کی اکثریت سے منظور ہو گیا تھا۔

چئیرمین سینٹ صادق سنجرانی نے ووٹ برابر ہونے پر حکومتی بل کے حق میں اپنا ووٹ استعمال کیا تھا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے