عالمی خبریں

’مودی ہے تو ممکن ہے‘، عمران خان کی تقریر کے انڈیا میں چرچے

مارچ 21, 2022

’مودی ہے تو ممکن ہے‘، عمران خان کی تقریر کے انڈیا میں چرچے

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی ایک تقریر کے ویڈیو کلپ انڈیا میں وائرل ہیں جن میں وہ پڑوسی ملک کی خارجہ پالیسی کو آزاد اور غیر جانبدار قرار دے کر مودی حکومت کی تعریف کر رہے ہیں۔

عمران خان نے اتوار کو ملاکنڈ میں عوامی جلسے سے خطاب میں کہا تھا کہ ’ساتھ والا ہمارا ملک ہے ہندوستان، میں آج ہندوستان کو داد دیتا ہوں کہ انہوں نے ہمیشہ آزاد خارجہ پالیسی رکھی۔‘

عمران خان نے اپنی تقریر میں کہا تھا کہ ’آج انڈیا اُن کے ساتھ ملا ہوا ہے، اُن کا اتحاد ہے، کواڈ ملکوں کے اتحاد میں انڈیا امریکہ کے ساتھ ہے۔ اتحاد میں کیوں ہے؟ کیونکہ وہ کہتا ہے کہ نیوٹرل ہے۔ روس سے تیل منگوا رہا ہے جبکہ اُس پر پابندیاں لگی ہوئی ہیں کیونکہ انڈین پالیسی اپنے لوگوں کے لیے ہے۔‘

انڈیا میں وزیراعظم نریندر مودی کے حامی عمران خان کی تقریر کے اس ویڈیو کلپ کو سوشل میڈیا پر شیئر کر کے اگلے الیکشن کے لیے ’مودی ہے تو ممکن ہے‘ کے نعرے کے ساتھ ہیش ٹیگ میں ٹرینڈ کر رہے ہیں۔

انڈیا کے سابق معروف کرکٹر وریندر سہواگ نے بھی عمران خان کی اس ویڈیو کو ریٹویٹ کر کے ان کی تصویر لگائی اور مودی کے حامیوں کے لیے اس پر لکھا ہے کہ آپ نے گھبرانا نہیں ہے۔


ٹوئٹر پر مودی کے لاکھوں حامی عمران خان کا شکریہ ادا کر رہے ہیں اور بہت سے کہہ رہے کہ نریندر مودی اور بی جے پی کو اگلے الیکشن کے لیے اب کسی مہم کی ضرورت نہیں اسی ویڈیو کلپ کو استعمال کر لیں تو کافی ہوگا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے