شاہ زین بگٹی حکومت سے الگ، اپوزیشن سے مل گئے
بلوچستان سے رکن قومی اسمبلی اور شاہ زین بگٹی نے وزیراعظم کے مشیر کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔
اتوار کو پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں جمہوری وطن پارٹی کے شاہ زین بگٹی نے کہا کہ وہ اپوزیشن میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔
شاہ زین بگٹی نے کہا کہ ’بلوچستان میں لوگوں کے اعتماد کو ٹھیس پہنچی۔ آج بلاول بھٹو ہمارے یہاں تشریف لائے۔ ہم وفاقی کابینہ سے استعفیٰ دینے کا اعلان کرتے ہیں اور ہم پی ڈی ایم کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ’ بلوچستان میں شورش بہت بڑا مسئلہ ہے۔ ہم نے اس سے نمٹنے کی کوشش کی۔‘
اس موقعے پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’بلوچستان کے مسائل بہت پیچیدہ ہیں۔ شاہ زین بگٹی نے بہت بہادری والا فیصلہ کیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’تاریخ میں بلوچستان کے عوام کے ساتھ انصاف نہیں کیا گیا۔‘

