’مبارک ہو پاکستان ‘، ایم کیو ایم والے عمران خان حکومت سے الگ
پاکستان میں عمران خان کی حکومت کے خلاف متحدہ اپوزیشن اور متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم) کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے۔ باضابطہ اعلان بدھ کی شام چار بجے اسلام آباد میں متوقع ہے۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ٹویٹ کیا کہ ’متحدہ اپوزیشن اور ایم کیوایم کے درمیان معاہدہ ہوچکا ہے، ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی اور پی پی پی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی مذکورہ معاہدے کی توثیق کریں گے، جس کے بعد ہم کل میڈیا کو پریس کانفرنس میں تفصیلات بتائیں گے‘۔
انہوں نے ٹویٹ کے آخر میں لکھا: مبارک ہو پاکستان.
قبل ازیں ایم کیو ایم کے رہنما سینیٹرفیصل سبز واری نے رات گئے ٹویٹ کی کہ ’متحدہ اپوزیشن اور ایم کیو ایم کے درمیان معاہدے نے حتمی شکل اختیار کر لی ہے‘۔
ان کے مطابق ’پیپلز پارٹی کی سی ای سی، ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی جانب سے مجوزہ معاہدے کی توثیق کے بعد اس کی تفصیلات سے بدھ کی شام چار بجے باضابطہ میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا‘۔
جے یو آئی ف کے امیر اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے رات گئے پارلیمنٹ لاجز سے روانگی سے قبل میڈیا کے ایک سوال پر تصدیق کی کہ ایم کیو ایم سے معاہدہ طے پا گیا ہے۔

